گلگت۔
گلگت بلتستان کے صوبائی وزیر تعلیم و سینئر رہنماء غلام شہزاد آغا کا بہت بڑا احسان اقدام
ایجوکیشن منسٹر غلام شہزاد آغا اور گرین ایج کالج کے ڈائریکٹر انجینئر امتیاز احمد کے درمیان اساتذہ کے بچوں کے لیے 50 فیصد اسکالرشپ کا ایم او یو سائن
صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے آج گرین ایج کالج کا تفصیلی دورہ کیا اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور گرین ایج کالج کے درمیان ایم او یو پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کے تحت گلگت بلتستان کے سرکاری اساتذہ کے 20 بچوں کو بی ایس نرسنگ سمیت دیگر میڈیکل شعبوں میں 50 فیصد اسکالرشپ فراہم کیا جائے گا۔
غلام شہزاد آغا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے کالجز کا سکردو ریجن میں قیام خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کالج کے لیبارٹریز اور دیگر شعبوں کا مکمل معائنہ کیا ہے، جو معیار کے اعتبار سے انتہائی بہترین ہیں۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ آج اساتذہ کے لیے ایک اہم خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے کہ ہمارے محکمے اور گرین ایج کالج کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے مطابق اساتذہ کے 20 بچوں کو میڈیکل شعبے میں 50 فیصد اسکالرشپ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد گلگت بلتستان کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی طرف لے جانا ہے، اور محکمہ اس کالج کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
گرین ایج کالج کے ڈائریکٹر انجینئر امتیاز احمد نے صوبائی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج طے پانے والے ایم او یو ایک سنگِ میل ثابت ہوگا اور مستقبل میں بھی دونوں اداروں کے درمیان تعاون جاری رہے گا۔


