پاکستان کے ابھرتے ہوئے اسپنر عثمان طارق کا کہنا ہے کہ جب میرا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تو اس وقت سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن نے میرا بہت ساتھ دیا.
ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ شین واٹسن مسلسل ان سے رابطے میں رہے اور یہاں تک پیشکش کی کہ اگرایکشن کی درستگی کے لیے دبئی جانا پڑے تو وہ ان کے سفر کے اخراجات بھی برداشت کرنے کو تیار ہیں۔
عثمان طارق اپنے کیریئر میں بولنگ ایکشن کے باعث متعدد بار معطلی کا سامنا کر چکے ہیں۔ تازہ ترین معطلی پی ایس ایل 10 کے دوران ہوئی جس کے باعث وہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کئی میچز سے باہر رہے۔
پی ایس ایل 9 میں جب عثمان کوئٹہ کا حصہ تھے، تب واٹسن ٹیم کے کوچ تھے اور اسی وقت سے انہوں نے عثمان کا بھرپور ساتھ نبھایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز زمبابوے کے خلاف ٹی 20 میچ میں عثمان طارق نے بہترین بولنگ کراتے ہوئے ہیٹر ٹرک کی اور مجموعی طور پر چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
مزید بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ان کا خواب ہے، بولے کہ میرے کوچز نے ہمیشہ سجھایا ہے کہ تم ہمیشہ میچ وننگ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا۔


