نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے صوبائی سیکریٹری تعلیم کی جانب سے محکمہ سکول ایجوکیشن کے حوالے سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا شعبہ خصوصاً بنیادی نظام تعلیم کسی بھی قوم کے روشن مستقبل کے حوالے سے کلیدی کردار رکھتا ہے۔
ہمارے بہتر مستقبل کیلئے نظام تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ سرکاری سکولوں کے خراب نتائج سے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ اس شعبے کو نظر انداز رکھا گیا ہے۔ غیر ضروری سیاسی مداخلت کا خاتمہ اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے سے نظام تعلیم میں بہتری آسکتی ہے۔
سرکاری سکولوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے غریب والدین اپنے بچوں کو بھاری فیسیں ادا کرکے پرائیویٹ سکولوں میں پڑھانے پر مجبور ہیں۔ ہمیں اس طرف توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ سرکاری سکولوں کا نظام تعلیم اور معیار تعلیم کو کیسے بہتر بنایا جائے۔
معلم کا شعبہ انتہائی مقدس ہے، اساتذہ ہمارے معاشرے میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن سرکاری سکولوں کے اساتذہ کی کارکردگی تسلیم بخش نہیں ہے۔
سرکاری سکولوں کے خراب نتائج اور معیار تعلیم کے زوال میں اساتذہ کے ساتھ فیلڈ آفیسرز بھی برابر کے شریک ہیں۔ صحت اور تعلیم کا شعبہ ہمیشہ سے حکومتوں کے اولین ترجیحات میں ہونا چاہئے کیوں کہ بہترین صحت اور تعلیم کی سہولت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں روایتی نظام تعلیم سے ہٹ کر جدید تقاضوں کے مطابق اپنے تعلیمی نظام کو مرتب کرنے اور اساتذہ کی تربیت کا بندوبست کرنے کی ضرورت ہے۔ اساتذہ کی کارکردگی کی جانچ کیلئے موثر مانیٹرنگ کا نظام محکمہ تعلیم کو وضع کرنا ہوگا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کیلئے 4دانش سکولوں کی منظوری انتہائی احسن اقدام ہے، گلگت بلتستان میں دانش سکولوں کے قیام سے یہاں طالب علموں کو معیاری تعلیم کے مزید مواقعے میسر آئیں گے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ اساتذہ کی ٹرانسفر پوسٹنگ پالیسی پر من و عن عملدرآمد کیا جائے تاکہ کسی بھی ٹیچر کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
ناقص منصوبہ بندی کی وجہ سے سکولوں کی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں لیکن ان سکولوں کو چلانے کیلئے اساتذہ دستیاب نہیں، ہمیں اپنے اس ناقص منصوبہ بندی پر نظرثانی کرتے ہوئے نئی عمارتوں کے تعمیر کی بجائے ہیومن ریسورس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو دور کیا جاسکے اور غیر فعال سکولوں کو چلایا جاسکے۔


