حکومت نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کی تیاریاں تیز کر دی ہیں اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے درآمدی ڈیوٹیز میں کمی کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو 76 ایچ ایس کوڈز پر نان ٹیرف رکاوٹیں ختم کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے جبکہ جون 2026 تک 2600 سے زائد غیر ٹیرف بیریئرز مرحلہ وار ختم کیے جائیں گے۔
ایکسپورٹ اور امپورٹ پالیسی آرڈرز کا جامع جائزہ لیا جا رہا ہے جس کا عمل نومبر 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ان اصلاحات کے تحت ٹیکسٹائل، لیدر، فارماسیوٹیکل اور آٹو موبائل سمیت مختلف شعبوں پر عائد پابندیاں بھی ختم کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے سے کاروباری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی اور مقامی صنعت کو عالمی مسابقت کے قابل بنانے میں مدد ملے گی۔
نیشنل ٹیرف پالیسی 2025-30 کو فنانس بل کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ مالی سال 2027 کے فنانس ایکٹ کے ذریعے ان ترامیم کو قانونی شکل دی جائے گی۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اصلاحات کا مقصد غیر ضروری تحفظاتی اقدامات ختم کر کے مارکیٹ کو شفاف بنانا ہے۔ اس حوالے سے کابینہ کی ریگولیٹری ریفارمز کمیٹی حتمی فیصلے کرے گی۔


