ماہرین کے مطابق کم عمری میں تیراکی سیکھنا بچوں کی مجموعی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ محض پانی میں تیرنے کا ہنر نہیں بلکہ ذہنی، جذباتی اور جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔
ابتدائی عمر میں تیراکی اور نشوونما کا تعلق
تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ جو بچے کم عمری میں تیراکی سیکھتے ہیں، وہ مختلف شعبوں جیسے زبان سیکھنے اور خوداعتمادی میں نسبتاً بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔
سماجی رویوں میں بہتری
تیراکی کی تربیت بچوں کے سماجی رویوں کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (ASD) میں مبتلا بچوں میں تیراکی کی مشق سے نہ صرف حرکت کو سمجھنے کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے بلکہ وہ دوسروں کے ساتھ زیادہ بہتر انداز میں گھلنے ملنے لگتے ہیں۔
گروپ میں تیراکی سیکھنے سے بچے دوسروں پر اعتماد کرنا، دوست بنانا اور اجتماعی ماحول میں رہنا سیکھتے ہیں، جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تیراکی ایک ایسی ورزش ہے جس میں پورا جسم متحرک رہتا ہے، مگر کسی ایک حصے پر زیادہ دباؤ نہیں پڑتا۔ اس سے پٹھے مضبوط ہوتے ہیں اور چوٹ لگنے کا خطرہ کم رہتا ہے۔
ماہرین کے مطابق تیراکی بچوں کو سانس لینے کی بہتر تکنیک سکھاتی ہے، جس سے دل اور پھیپھڑوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اسے بچوں کے لیے ایک محفوظ اور مؤثر جسمانی سرگرمی قرار دیا جاتا ہے۔
ذہنی، جذباتی اور ذہانت میں اضافہ
کم عمری میں پانی سے جڑی سرگرمیاں بچوں کی ذہنی اور جذباتی نشوونما میں بھی مدد دیتی ہیں۔ تیراکی کے دوران دماغ میں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے، جس سے یادداشت، توجہ اور سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ سانس کے مخصوص انداز پر توجہ دینے کی وجہ سے بچوں میں ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور وہ خود کو زیادہ پرسکون محسوس کرتے ہیں۔
تیراکی صرف ایک ہنر نہیں، مکمل تربیت ہے
ماہرین کا کہنا ہے کہ تیراکی کی تربیت بچوں کو صرف پانی میں رہنا نہیں سکھاتی بلکہ یہ ان کی مجموعی شخصیت کو نکھارتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کم عمری میں ہی تیراکی سکھانے پر غور کریں تاکہ وہ جسمانی طور پر مضبوط، ذہنی طور پر چست اور جذباتی طور پر متوازن بن سکیں۔


