گلگت
محکمہ صحت گلگت بلتستان کے نیوٹریشن سیل کی جانب سے یونیسیف پاکستان کے تعاون سے بی ایم ایس نیٹ کوڈ اور انفنٹ فیڈنگ بورڈ کے استحکام سے متعلق ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا،جس میں محکمہ صحت دیگر سرکاری اداروں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد بچوں کی غذائی ضروریات کے تحفظ، ماں کے دودھ کے فروغ اور متبادل دودھ کی غیر مناسب تشہیر کی روک تھام سے متعلق قوانین کے مؤثر نفاذ پر غور کرنا تھا۔شرکاء کو بی ایم ایس نیٹ کوڈ اور بی ایم ایس ایکٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں صوبے میں اس قانون کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور بہتری کے امکانات پر روشنی ڈالی گئی۔
اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انفنٹ فیڈنگ بورڈ کے قیام اور اس کی مضبوطی سے بچوں کی صحت کے تحفظ میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔مشاورتی سیشن میں مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں سندھ بی ایم ایس ایکٹ کو بطور ماڈل اپنانے اور گلگت بلتستان کے تناظر میں مؤثر فریم ورک تشکیل دینے پر زور دیا گیا۔
شرکاء نے ادارہ جاتی تعاون اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں بچوں اور ماؤں کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے بی ایم ایس نیٹ کوڈ کے نفاذ اور نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔


