دانتوں کو صحیح طریقے سے برش کرنے سے نہ صرف آپ کے دانت اور مسوڑھے مضبوط ہوتے ہیں بلکہ بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے، لیکن برش کرنے کا صحیح وقت کون سا ہے؟
ڈینٹسٹ مطابق ناشتہ سے پہلے دانت صاف کرنا صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ ڈاکٹر مشل یورگینسن نے اپنی حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں اس موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صبح اٹھتے ہی برش کرنا بیکٹیریا کے اثرات کو کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
ڈاکٹر مشل کے مطابق رات کے دوران منہ میں بیکٹیریا کی افزائش بڑھ جاتی ہے اور اگر ناشتہ کرنے سے قبل انہیں صاف نہ کیا جائے تو کھانے کے ساتھ مل کر یہ بیکٹیریا تیزابیت پیدا کرتے ہیں جو دانتوں کو کمزور بنا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ناشتے کے بعد برش کرنے سے خطرہ یہ ہوتا ہے کہ تیزابیت کے باعث نرم پڑ جانے والا اینامل برش کے ذریعے اور زیادہ نقصان کا شکار ہو سکتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دانتوں کی مضبوطی کے لیے ضروری معدنیات کا منہ میں مناسب وقت تک موجود رہنا ضروری ہے اور یہی فائدہ ہائیڈروکسی ایپیٹائٹ ٹوتھ پیسٹ فراہم کرتا ہے۔ ہائیڈروکسی ایپیٹائٹ وہ بنیادی معدنی جز ہے جس سے دانتوں کا اینامل بنتا ہے اس لیے یہ دانتوں کی قدرتی ریمینرلائزیشن میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ڈاکٹر مشل نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص ناشتہ کے بعد ہی برش کرنا چاہتا ہے تو کم از کم 30 منٹ کا وقفہ ضرور رکھے خصوصاً جب ناشتے میں تیزابی مشروبات جیسے اورنج جوس یا کافی شامل ہوں۔ ان کے مطابق یہ وقفہ دانتوں کو تیزابیت سے بحالی کا وقت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ بہترین نتائج کے لیے برش ہمیشہ ناشتہ سے پہلے کرنا چاہیے۔


