غزہ میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے پہلے سے بے گھر ہزاروں فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
خیمہ بستیوں میں قائم عارضی پناہ گاہیں بارش کے پانی میں ڈوب گئیں جبکہ کئی مقامات پر سیلابی ریلوں نے کمزور شیلٹرز کو نقصان پہنچایا ہے۔
متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
بے گھر فلسطینیوں کو خوراک، صاف پانی اور گرم کپڑوں کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں کی حالت سب سے زیادہ مخدوش بتائی جا رہی ہے۔
غزہ کے مقامی حکام اور امدادی اداروں نے صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔ بارشوں کے باعث مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے جس سے امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔
دوسری جانب عالمی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر موسم کی شدت برقرار رہی تو انسانی بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ وہ سرد موسم کے مطابق امداد پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم اسرائیلی پابندیوں کے باعث امدادی ٹرکوں کی تعداد محدود ہے۔


