کوئٹہ: بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع دانہ سر میں ایک مسافر بس گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوگئے
ریسکیو ذرائع کے مطابق کوچ کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ دانہ سر کے قریب پیش آنے والے حادثے کے باعث متعدد مسافر جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع شیرانی کی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا سے بھی امدادی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ علاقے کی دشوار گزار جغرافیائی صورتحال کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


