نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے ایس ایم بی آر کی جانب سے دیئے جانے والے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈکرنے کے عمل کو شروع کرنا اچھی پیشرفت ہے، اس سے نظام میں شفافیت آئے گی اور عوام کوزمینوں کے حوالے سے شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہوگا۔
زمینوں کے ریکارڈ کے ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیاجائے تاکہ کسی کو بھی اپنی زمینوں کے حوالے سے صحیح معلومات کی رسائی ممکن ہو۔ سٹیلمنٹ کا ادارہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جس میں موجود ریکارڈ لازمی اور حساس تصور کیا جاتا ہے۔
ابھی تک سٹیلمنٹ کے اپنے دفتر کی عمارت نہ ہونا مناسب نہیں، سٹیلمنٹ آفس کیلئے مناسب بندوبست کیا جائے گا۔نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ریونیو سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے مشتہر آسامیوں پر تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے میرٹ کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ زمینوں سے متعلق عوام کے مسائل بروقت حل کئے جاسکے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ قومی خزانے اور وسائل کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وسائل کا صحیح اور درست منصوبہ بندی کے تحت استعمال یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی وضع ہونی چاہئے تاکہ ان وسائل کے ثمرات عام عوام تک پہنچے۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے تمام شعبوں میں کفایت شعاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ صوبے کے زمینوں کا ریکارڈ کو محفوظ بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے ایس ایم بی آر کو ہدایت کی کہ زمینوں سے متعلق عوام کو درپیش مسائل بروقت حل کرنے کیلئے ریونیو کیسز کی شنوائی میں تیزی لائی جائے۔


