گلگت. گلگت بلتستان کابینہ نے ڈیجیٹل میڈیا ترمیمی پالیسی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی سرکاری سطح پر اشتہارات کی ترسیل ممکن ہو سکے گی۔
ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن گلگت اور محکمہ اطلاعات کی مشترکہ کوششوں سے ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے لیے اس پیش رفت کو اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا ایسوسی ایشن گلگت نے پالیسی کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین آزر اور سیکریٹری اطلاعات کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق یہ اقدام ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ اور اس شعبے سے وابستہ صحافیوں کو سرکاری سطح پر تسلیم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو سرکاری اشتہارات کی فراہمی کے ساتھ اس مقصد کے لیے باقاعدہ فنڈز بھی مختص کیے جائیں، تاکہ ڈیجیٹل میڈیا ادارے اپنے پیشہ ورانہ امور بہتر انداز میں انجام دے سکیں اور صحافیوں کے معاشی مسائل میں کمی لائی جا سکے۔
ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور اہل ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کو شفاف طریقہ کار کے تحت سرکاری اشتہارات میں مناسب حصہ دیا جائے گا۔


