اسلام آباد، پاکستان کی اعلیٰ تعلیم کے میدان سے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے۔
عالمی درجہ بندی جاری کرنے والے ادارے کیو ایس (Quacquarelli Symonds) نے ایشیا یونیورسٹی رینکنگ 2026 جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کی 82 جامعات کو شامل کیا گیا ہے۔
ان میں سے نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) 68ویں جبکہ قائداعظم یونیورسٹی (QAU) 89ویں نمبر پررہی ہے، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) نے بھی 129ویں پوزیشن حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی جامعات نے اس سال بھی بہترین کارکردگی دکھائی، کامسیٹس یونیورسٹی 150ویں، یونیورسٹی آف پنجاب 151ویں، اور یونیورسٹی آف لاہور 187ویں نمبر پر رہیں۔
ٹاپ 10 پاکستانی اداروں میں این یو ایس ٹی، قائداعظم یونیورسٹی، لمز، کامسیٹس، پنجاب یونیورسٹی، یو ای ٹی لاہور، پشاور یونیورسٹی اورفیصل آباد ایگریکلچریونیورسٹی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس رینکنگ میں جامعات کا جائزہ مختلف معیارات کے تحت لیا گیا، جن میں اکیڈمک ریپیوٹیشن، فیکلٹی و اسٹوڈنٹ ریشو، تحقیقی نیٹ ورک، سٹاف کی تعلیمی قابلیت، بین الاقوامی طلبہ کی شمولیت اورتحقیقی مقالوں کی اشاعت شامل ہیں۔
ماہرین تعلیم کے مطابق پاکستانی جامعات کا ایشیائی سطح پر نمایاں ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں تحقیق، اعلیٰ تعلیم اور تدریسی معیارمیں بہتری آ رہی ہے۔
رینکنگ کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 1,500 سے زائد جامعات شامل کی گئیں، جن میں پاکستان کی جامعات کی شمولیت عالمی معیارکی تعلیم کے فروغ میں ایک اہم سنگِ میل قراردی جا رہی ہے۔


