spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
21 July, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات، خطے کی مالی و ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلۂ خیال

اسلام آباد: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان، امجد حسین نے آج وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی مالی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو خطے کو درپیش مالی چیلنجز، بالخصوص بجٹ خسارے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ صورتحال ترقیاتی عمل کی رفتار کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ گلگت بلتستان کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے خصوصی تعاون فراہم کیا جائے تاکہ جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔

وزیراعلیٰ نے توانائی کے شعبے کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیراعظم سے درخواست کی کہ جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مطلوبہ فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہو سکیں اور خطے میں بجلی کی قلت پر قابو پایا جا سکے۔

ملاقات کے دوران گندم سبسڈی کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان کے لیے گندم سبسڈی میں کمی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اس پر وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے لیے گندم کا مکمل کوٹہ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی، جبکہ باقی مالی ضروریات بعد ازاں پوری کرنے کا بھی عزم ظاہر کیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت سے خطے میں انٹرنیٹ بینڈوڈتھ میں اضافہ، سیاحت کے فروغ کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی، اور گلگت میں بوئنگ طیاروں کے لیے موزوں ہوائی اڈے کی تعمیر میں تعاون کی بھی درخواست کی تاکہ سیاحت، تجارت اور علاقائی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

ملاقات میں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، فنی تربیت، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مختلف ترقیاتی پروگراموں کے ذریعے پائیدار معاشی مواقع فراہم کرنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی ترقی، عوامی فلاح اور جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے حالیہ انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے عوامی مینڈیٹ کے احترام اور گلگت بلتستان میں حکومت کی تشکیل کے عمل میں وزیراعظم کے مثبت کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گلگت بلتستان کی پائیدار ترقی، عوامی خوشحالی اور خطے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کی ترقیاتی اور مالی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں