گلگت
گلگت بلتستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعدِ ضابطہ، استحقاقات، قانون میں اصلاحات اور ماتحت قانون سازی و حکومتی یقین دہانیوں پر عملدرآمد کا اجلاس آج کمیٹی کے چیئرمین صاحب خان سابق سپیکر و جسٹس ریٹائرڈ کی زیرِ صدارت گلگت بلتستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمیٹی کے اراکین ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی ملک کفایت الرحمن، رکن اسمبلی انور علی اور رکن اسمبلی سید توقیر مہدی نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری قانون بھی شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور سیکرٹری قانون نے گلگت بلتستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 اور گلگت بلتستان لوکل گورنمنٹ (کنڈکٹ آف الیکشنز) رولز 2025 کے مختلف قانونی، انتظامی اور مالی پہلوؤں پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں مجوزہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق قانونی تقاضوں، انتظامی تیاریوں، انتخابی طریقہ کار اور درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کمیٹی نے بریفنگ کا بغور جائزہ لیتے ہوئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں درکار ضروری ترامیم، بلدیاتی اداروں کے انتظامی ڈھانچے، مالی اختیارات، وسائل کی فراہمی اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غور کیا۔ اراکین کمیٹی نے اس امر پر زور دیا کہ بلدیاتی نظام کو مؤثر، شفاف اور عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لیے قانونی اور انتظامی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ تمام متعلقہ نکات، سفارشات اور مجوزہ ترامیم کو حتمی شکل دے کر ایک جامع رپورٹ مرتب کی جائے گی، جو بحث و منظوری کے لیے گلگت بلتستان اسمبلی کے ایوان میں پیش کی جائے گی۔ کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی نظام کو مضبوط، فعال اور مؤثر بنانے کے لیے اپنی سفارشات قانون اور عوامی مفاد کے تقاضوں کے مطابق مرتب کرے گی۔


