ایک چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے مسلسل 4 سال تک بونس کے طور پر کی بورڈ کے سونے سے بنے بٹن یا کی کیپس انعام کے طور پر دیے۔
انسٹا 360 نامی کمپنی چینی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر شینزن سے تعلق رکھتی ہے۔
گزشتہ دنوں اس کی جانب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو 21 سونے کے کی کیپس تحفے کے طور پر دیے گئے۔
سب سے بھاری کی کیپ اسپیس کی (space key) پر مبنی تھا جس کا وزن 35.02 گرام تھا اور خالص سونے کے استعمال کے باعث اس کی قدر 3 لاکھ 20 ہزار یوآن (ایک کروڑ 26 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) تک پہنچ گئی۔
اس کمپنی کی جانب سے ہر سال پروگرامرز ڈے کے موقع پر بونس کے طور پر اس طرح کے تحائف دیے جاتے ہیں۔
گزشتہ برسوں میں سونے سے تیار کردہ 55 کی کیپس کو ملازمین میں تقسیم کیا گیا۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اب ان طلائی بٹنوں کی حقیقی قدر میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے۔
چینی ٹیکنالوجی صنعت میں اس کمپنی کو گولڈ فیکٹری کہا جاتا ہے کیونکہ یہ ملازمین کو سونے کی شکل میں بونس فراہم کرتی ہے۔
جولائی میں کمپنی کے 10 سال مکمل ہونے پر تمام ملازمین کو گولڈ بلائنڈ باکس کا تحفہ دیا گیا جس میں خالص سونے سے بنے اسٹیکرز موجود تھے اور ہر اسٹیکر کا وزن 0.36 گرام تھا۔
اس ڈبے پر لکھا تھا کہ اس کی تمام جگمگاہٹ سونے کی وجہ سے نہیں آپ بھی اس کا اہم حصہ ہیں۔
جن ملازمین کی شادی ہوتی ہے یا بچے کی پیدائش ہوتی ہے، تو کمپنی کی جانب سے خالص سونے کا سکہ دیا جاتا ہے جس کا وزن ایک گرام ہوتا ہے۔
کمپنی کے بانی لیو جیانگ کانگ کے مطابق ہم سونا اس کی مالی قدر کی وجہ سے نہیں دیتے بلکہ اس کی قدر کے استحکام کے باعث دیتے ہیں کیونکہ کمپنی کا استحکام باصلاحیت افراد قوت پر منحصر ہے۔


