وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت ایندھن کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے جا رہی ہے، پیٹرول پر تقریباً 80 روپے اور ڈیزل پر 70 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔ ریفائنریز اپگریڈیشن پالیسی کابینہ کو بھجوا دی ۔ ملک کو یورو فائیو معیار کے ایندھن کی طرف لے جا رہے ہیں۔
سید مصطفٰی محمود کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بریفنگ دی۔ ارکان کی جانب سے لیوی میں اضافے پر سوالات اٹھائے گئے۔۔ وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ پاکستان ستر فیصد پیٹرول درآمد کرتا ہے۔ خام تیل سستا ہونے سے تیار شدہ پیٹرول اور ڈیزل سستے نہیں ہوتے ۔ وزیر پیٹرولیم نے پرانی ریفائنریز کو بھی پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے کی وجہ قرار دیا۔ بتایا کہ حکومت ایندھن کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے جا رہی ہے ۔ حالیہ بحران کے دوران سستے ایندھن کے لیے ایک سو تیس ارب روپے فراہم کیے گئے۔ عوام کو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا ریلیف ملنا چاہیے۔ ارکان کی جانب سے ایل پی جی کی سرکاری قیمتوں پر عمل درآمد نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ جس پر وزیر پیٹرولیم نے کہا اس پر اوگرا سے جواب طلب کریں گے۔


