spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
2 July, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

نوجوان ہوشیار! سونے سے پہلے موبائل فون کی یہ عادت نیند برباد کرسکتی ہے

امریکا میں ہونے والی ایک نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو نوجوان سونے سے پہلے زیادہ دیر تک موبائل فون استعمال کرتے ہیں تو ان میں رات کے دوران دوبارہ فون استعمال کرنے کا رجحان بھی بڑھ جاتا ہے جس سے نیند متاثر ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق سونے سے پہلے موبائل فون پر وقت گزارنے کی عادت صرف نیند آنے میں تاخیر کا باعث نہیں بنتی بلکہ رات کے درمیان جاگ کر دوبارہ فون استعمال کرنے کا امکان بھی بڑھادیتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نوجوان سونے سے پہلے موبائل فون کا استعمال کم کردیں تو رات کے وقت فون دیکھنے کی عادت میں بھی کمی آسکتی ہے جس سے بہتر اور پرسکون نیند لینے میں مدد ملے گی۔

اس تحقیق میں امریکا کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 229 نوجوانوں کو شامل کیا گیا جو ذاتی طور پر موبائل فون استعمال کرتے تھے۔

محققین نے شرکا سے صرف سوالات کرنے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ ان کے فون میں ایک خصوصی نگرانی کا نظام نصب کیا جس نے تقریباً 17 روز تک ان کے فون کے استعمال کا ریکارڈ محفوظ کیا۔

تحقیق کے دوران سونے سے پہلے کے ایک گھنٹے میں موبائل فون کے استعمال اور اس کے بعد آدھی رات سے صبح تک فون استعمال کرنے کی عادت کا جائزہ لیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جن نوجوانوں نے سونے سے پہلے کم از کم 30 منٹ فون استعمال کیا، وہ رات کے دوران بھی اسی مدت تک دوبارہ فون استعمال کرنے کے زیادہ عادی تھے۔

ماہرین کے مطابق یہ رجحان رات کو دیر سے سونے، بار بار آنکھ کھلنے اور نیند کے معیار میں کمی کا سبب بن سکتا ہے جس کے اثرات جسمانی اور ذہنی صحت پر بھی مرتب ہوسکتے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس تحقیق میں یہ براہِ راست ثابت نہیں کیا گیا کہ سونے سے پہلے فون کا استعمال کم کرنے سے نیند لازماً بہتر ہوجاتی ہے تاہم نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عادت میں کمی رات کے وقت غیر ضروری فون استعمال کو محدود کرنے اور صحت مند نیند کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں