نئی دہلی: بھارتی میڈیا سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ نامعلوم ہیکرز نے ایک اور بڑے بھارتی نیوز چینل اے بی پی نیوز (ABP News) کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا، جس کے باعث چینل کی نشریات اور مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز متاثر ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے اے بی پی نیوز کی نشریات عارضی طور پر معطل کر دیں جبکہ چینل کی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس (iOS) موبائل ایپلی کیشنز بھی سائبر حملے سے متاثر ہوئیں۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہیکرز نے چینل کے بعض آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر قرآنی آیت اور ایک ویڈیو بھی نشر کی، تاہم اس حوالے سے فوری طور پر چینل کی جانب سے کوئی تفصیلی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔
اے بی پی نیوز بھارت کے بڑے نجی نیوز چینلز میں شمار ہوتا ہے۔ اس کے یوٹیوب چینل کے تقریباً 1 کروڑ 50 لاکھ (15 ملین) سبسکرائبرز ہیں جبکہ مختلف رپورٹس کے مطابق اس کی ماہانہ ویورشپ تقریباً 12 کروڑ 40 لاکھ (124 ملین) تک پہنچتی ہے۔
یہ نیوز چینل 1998 میں قائم کیا گیا تھا اور ابتدا میں اسٹار نیوز (Star News) کے نام سے اپنی نشریات شروع کی تھیں، بعد ازاں اس کا نام تبدیل کرکے اے بی پی نیوز رکھ دیا گیا۔
دوسری جانب سائبر سیکیورٹی سے متعلق تبصرہ کرنے والے بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایسے حملوں کی اطلاعات درست ثابت ہوتی ہیں تو یہ بھارت کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور سائبر سیکیورٹی نظام کے لیے ایک اہم چیلنج تصور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق بھارت خود کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک عالمی طاقت قرار دیتا ہے تاہم میڈیا اداروں پر یکے بعد دیگرے ہونے والے مبینہ سائبر حملوں نے ملک کی سائبر سیکیورٹی سے متعلق کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بڑے میڈیا اداروں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو بھی جدید سائبر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے مزید مؤثر حفاظتی اقدامات کی ضرورت ہے۔


