وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ عالم کے ساتھ مل کر منشیات کے خاتمے کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کا استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ سنگین معاشرتی، معاشی اور انسانی نقصانات کا باعث ہے، جن کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس سال کا موضوع “دیرینہ مسائل، نئے چیلنجز اور منشیات سے پاک مستقبل کے لیے اختراعی اقدامات” عالمی سطح پر اس مسئلے کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان منشیات کی مختلف اقسام، غیر قانونی ترسیل اور نوجوان نسل تک اس کی رسائی جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ حکومت انسدادِ منشیات کے لیے قومی استعداد کار بڑھانے، ادارہ جاتی ہم آہنگی مضبوط بنانے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو منشیات سے محفوظ رکھنا قومی ترجیح ہے اور منشیات سے پاک تعلیمی اداروں کا قیام انتہائی اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اے این ایف اسمگلنگ کی روک تھام، آگاہی، علاج اور بحالی کے شعبوں میں مؤثر کردار ادا کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے انسدادِ منشیات فورس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں وطن کے تحفظ کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔
انہوں نے والدین، اساتذہ، میڈیا اور معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف جنگ میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔


