spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
1 June, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

صدر مملکت آصف علی زرداری کا پاکستانی امن دستوں کی خدمات کو خراج تحسین

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے عالمی دن (29 مئی 2026) کے موقع پر اپنے پیغام میں دنیا بھر میں مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے اقوام متحدہ کے امن دستوں کے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ان 183 پاکستانی اہلکاروں کی شجاعت اور لگن کو سلام پیش کرتا ہے جنہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کی قربانی دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ دہائیوں سے پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ اہلکار بھیجنے والے ممالک میں شامل ہے اور 270,000 سے زائد پاکستانی اہلکار چار براعظموں میں اقوام متحدہ کے 48 مشنز میں امتیازی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ پاکستانی خواتین ان مشنز میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، جو اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے ساتھ پاکستان کے پائیدار عزم کی عکاس ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے قدیم ترین امن مشنز میں سے ایک، اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے انڈیا اور پاکستان (UNMOGIP) کا میزبان بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشن کی مسلسل موجودگی اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ تنازعات سے متاثرہ خطوں میں اقوام متحدہ کے امن دستے شہریوں کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی کو ممکن بناتے ہیں، جس سے ہسپتالوں، اسکولوں اور بنیادی عوامی خدمات کے اداروں کو اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن دستوں کی خدمات تنازعات اور نقل مکانی سے متاثرہ برادریوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوتی ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال اور تنازعات کے موجودہ دور میں اقوام متحدہ کا امن مشن بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے دنیا بھر میں امن و استحکام کے لیے اقوام متحدہ کے پرچم تلے خدمات انجام دینے والے تمام امن دستوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں