بنوں: پولیس کی بروقت اور مؤثر حکمتِ عملی کے باعث دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
پولیس کے مطابق رات تقریباً ڈیڑھ بجے دہشتگردوں کی بڑی تعداد نے چوکی مزنگہ پر حملہ کیا، جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔ فجر تک جاری رہنے والے مقابلے میں دہشتگرد پسپا ہوگئے اور انہیں نقصان بھی اٹھانا پڑا۔
واقعے کے بعد بنوں پولیس لائنز سے ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں تازہ دم نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ دیگر سیکیورٹی فورسز نے بھی علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔
مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران علاقے سے خون کے نشانات ملے جبکہ دہشتگردوں کا چھوڑا گیا اسلحہ اور سامان، جن میں بینڈولیئرز، سیڑھی اور جوتے شامل ہیں، برآمد کر لیے گئے۔
مقابلے کے دوران بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسٹیبل فریداللہ معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طبی امداد فراہم کر دی گئی ہے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے جوانوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں صوبے کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے عوام کو نشانہ بناتے ہیں، تاہم ان کا انجام عبرتناک ہوگا۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی نے کہا کہ بنوں پولیس دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہر قسم کی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔


