امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں ایرانی جہاز ٹوسکا کو امریکی بحریہ نے تحویل میں لے لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ایک ایرانی مال بردار جہاز ٹوسکا جو لمبائی میں تقریباً 900 فٹ اور وزن میں تقریباً ایک طیارہ بردار جہاز کے برابر ہے، نے ہماری بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کی مگر یہ ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔
ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی بحریہ کے گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر یو ایس ایس سپروانس نے خلیجِ عمان میں ٹوسکا کو روک لیا اور رکنے کے لیے باقاعدہ انتباہ جاری کیا لیکن ایرانی عملے نے ہدایات ماننے سے انکار کیا۔
امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ہماری بحریہ کے جہاز نے ان کے انجن روم میں سوراخ کر کے اس کو وہیں روک دیا اور اس وقت وہ جہاز امریکی میرینز کی تحویل میں ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ٹوسکا ماضی میں غیرقانونی سرگرمیوں کے باعث امریکی محکمہ خزانہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہے اور ہم نے جہاز کو مکمل طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس میں موجود سامان کا جائزہ لیا جا رہاہے۔


