اسلام آباد: حکومت نے ایران امریکا مذاکرات کے سلسلے میں آنے والے غیر ملکی مندوبین کے لیے ویزا آن ارائیول کا اعلان کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ہونے والے “اسلام آباد ٹاکس 2026” کے موقع پر پاکستان آنے والے تمام غیر ملکی وفود اور صحافیوں کو خوش آمدید کہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی مذاکرات کے لیے آنے والے شرکاء کا بھرپور خیر مقدم کرتا ہے۔ مذاکرات میں شرکت کے لیے آنے والوں کو آن ارائیول ویزا کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسحاق ڈار نے تمام ایئرلائنز سے درخواست کی کہ وہ ایسے مسافروں کو بغیر ویزا ہونے کی بنیاد پر بورڈنگ سے نہ روکیں کیونکہ پاکستان پہنچنے پر انہیں امیگریشن حکام کی جانب سے آن ارائیول ویزا جاری کیا جائے گا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس اہم سفارتی موقع پر عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔


