spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
17 April, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

’میٹھی ڈکیتی‘: چور معروف برانڈ کی 12ٹن چاکلیٹ لے اڑے

یورپ میں چاکلیٹ کی ایک بڑی واردات سامنے آئی ہے جہاں ملٹی نیشنل کمپنی نیسلے کے 12 ٹن سے زائد کٹ کیٹ چاکلیٹس سے بھرا ٹرک راستے میں ہی غائب ہوگیا، جس کے باعث مارکیٹ میں قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

عالمی خوراک ساز کمپنی Nestlé نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی مقبول چاکلیٹ KitKat کی بڑی کھیپ یورپ میں دورانِ ترسیل چوری ہو گئی ہے، جس سے ایسٹر کے موقع پر مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

کمپنی کے مطابق ایک ٹرک، جس میں کٹ کیٹ کی نئی چاکلیٹ رینج کے 4 لاکھ 13 ہزار سے زائد یونٹس موجود تھے، یورپ میں کہیں راستے میں غائب ہو گیا۔ یہ کھیپ تقریباً 12 ٹن وزنی تھی اور گزشتہ ہفتے پروڈکشن یونٹ اور ڈسٹری بیوشن مراکز کے درمیان سفر کے دوران لاپتہ ہوئی۔

کمپنی کے ترجمان نے اپنے معروف نعرے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’ہم ہمیشہ لوگوں کو کٹ کیٹ کے ساتھ مزے کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، لیکن لگتا ہے کہ چوروں نے اس پیغام کو کچھ زیادہ ہی سنجیدگی سے لے لیا اور 12 ٹن سے زائد چاکلیٹ لے اڑے۔‘

کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اس چوری کے باعث اسٹورز میں کٹ کیٹ کی دستیابی متاثر ہو سکتی ہے، اور صارفین کو ایسٹر سے قبل اپنی پسندیدہ چاکلیٹ حاصل کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ یہ ٹرک اٹلی کے وسطی علاقے سے روانہ ہو کر پولینڈ جا رہا تھا، جہاں سے راستے میں مختلف یورپی ممالک میں چاکلیٹ تقسیم کی جانی تھی۔ تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کھیپ کس مقام پر غائب ہوئی، البتہ ٹرک اور اس میں موجود سامان تاحال لاپتہ ہے۔

نیسلے کے مطابق مقامی حکام اور سپلائی چین پارٹنرز کے ساتھ مل کر تحقیقات جاری ہیں۔ کمپنی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ چوری شدہ چاکلیٹس یورپ کی غیر سرکاری مارکیٹس میں فروخت کے لیے پہنچ سکتی ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر چاکلیٹ بار پر موجود مخصوص بیچ کوڈ کے ذریعے اس کھیپ کا سراغ لگایا جا سکتا ہے، اور اگر کسی مقام پر یہ مصنوعات سامنے آئیں تو متعلقہ حکام کو فوری آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں