شہر کے دل میں پیش آنے والے دل دہلا دینے والے سانحہ گل پلازہ سے متعلق جوڈیشل کمیشن کی کارروائی میں اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے سانحہ میں جان بحق ہونے والے افراد کے اہلخانہ کو طلب کرلیا ہے۔
عدالتی کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ جاں بحق افراد کے ورثا 16 فروری کو ڈپٹی کمشنر جنوبی کے ایم اے جناح روڈ پر قائم دفتر میں پیش ہوں، جہاں ان کے بیانات باقاعدہ طور پر ریکارڈ کیے جائیں گے۔
کمیشن کی جانب سے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام متاثرہ خاندانوں کو طلبی کے نوٹس ان کے گھروں تک پہنچائے جائیں تاکہ کوئی بھی متاثرہ خاندان سماعت سے محروم نہ رہے۔
واضح رہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ نے کئی قیمتی جانیں نگل لی تھیں۔ عمارت میں اچانک بھڑک اٹھنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جھلس کر جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔
ریسکیو اداروں نے گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تھا، تاہم یہ سانحہ شہر کی تاریخ کے المناک واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے۔
جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کا مقصد سانحے کی وجوہات، ممکنہ غفلت اور ذمہ داروں کا تعین کرنا ہے تاکہ آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ متاثرہ خاندان انصاف کے منتظر ہیں اور اب ان کے بیانات اس کیس کی تفتیش میں اہم سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔