سیکٹر کمانڈر ایس سی او کرنل محمد کاشف اقبال کی نگران وزیراعلٰی گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد سے ملاقات
ملاقات کے دوران سیکٹر کمانڈر ایس سی او نے نگراں وزیراعلیٰ کو گلگت بلتستان میں ایس سی او کی سروسز اور انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔ ایس کام 4جی موبائل نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن اور 22 نئے 4جی موبائل ٹاورز کی تنصیب کے پراجیکٹ پر آگاہ کرتے ہوئے سیکٹر کمانڈر نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے شہری علاقوں میں ایس کام کی 4جی موبائل سروسز میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ایس سی او آئی ٹی ویژن 2025 کے تحت گلگت بلتستان کے طول و عرض میں ایس سی او کی جانب سے سوفٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس اور فری لانسنگ ہبز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے ان علاقوں کے نوجوان مرد اور خواتین کو آئی ٹی کے شعبے میں جدید سہولیات میسر ہوئی ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
نگراں وزیر اعلٰی گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان کے دوردراز علاقوں میں عوام کے لئے ایس سی او کی جدید سروسز کو سراہا۔ مزید براں، چپورسن میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے دوران 4جی ایس کام نیٹ ورک کو مسلسل فعال رکھنے پر ایس سی او کی خدمات کو سراہا۔


