spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
28 February, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا پی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کا پی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ


پی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن، ٹراما سنٹر اور ماسٹر پلان پر تفصیلی بریفنگ

تعمیراتی کام تیز کرنے، برن یونٹ اور جدید بائیومیڈیکل آلات کی ہدایات

مریضوں کیلئے مفت خوراک، صفائی کے نظام اور ہسپتال سہولیات بہتر بنانے پر زور

نگران وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان جسٹس (ر) یار محمد نے پی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ نگران وزیر
داخلہ ساجد علی بیگ،نگران وزیر جنگلات مولانا شراف الدین اور نگران وزیر اعلیٰ مواصلات و تعمیر عامہ راجہ شہباز بھی تھے۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ کو ماسٹر پلان کے مطابق پی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن پرپروجیکٹ ڈائریکٹر اور صوبائی سیکریٹری صحت نے تفصیلی بریفنگ دی۔

ہسپتال کے آپریشنل معاملات پر ایم ایس ڈاکٹر اکبر نے بھی تفصیلی بریفنگ دی اور بعدازاں ہسپتال کے مختلف تعمیراتی یونٹس کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں تیزی لائی جائے اور مقررہ مدت کے اندر ٹراما سنٹر سمیت دیگر یونٹس کو مکمل کیا جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ کار پارکنگ ایریا کے فیزII کی ریویژن کیلئے وفاقی حکومت کو سفارش کی جائے جس کے تحت ڈاکٹروں کیلئے رہائشی فیلٹس تعمیر ہوں گے۔ ٹھیکیداروں کی ادائیگی کا جائز مسئلہ حل کرنے پر غور کیا جارہاہے تاکہ تعمیراتی منصوبے التواء کا شکا ر نہ ہوں اور مقررہ مدت میں کام مکمل کئے جاسکیں۔

نگران وزیر اعلیٰ نے پی ایچ کیو ہسپتال میں بھی برن یونٹ کے قیام کیلئے کنسپٹ پیپر تیار کرنے کے احکامات دیئے۔ اے ڈی پی سے تعمیر کئے جانے والی بلڈنگ کے حوالے سے درپیش تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور اس بلڈنگ کے کام میں تیزی لاتے ہوئے جون تک مکمل کیا جائے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ پی ایچ کیو ہسپتال میں زیر تعمیر منصوبوں پر مختلف شفٹ میں کام کیا جائے تاکہ جلد اس اہم منصوبوں کو مکمل کیا جاسکے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی ایچ کیو ماسٹرپلان کے تحت تعمیر ہونے والا سٹیٹ آف دی آرٹ اور گلگت بلتستان میں اپنی نوعیت کا منفرد ہسپتال ہوگا جس کیلئے جدید بائیومیڈیکل آلات کی خریداری کیلئے ریویژن کی سمری جلد تیار کی جائے۔ نگران وزیرا علیٰ نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کو پی ایس ڈی پی منصوبے کے تحت ریویژن کی سفارش کی جائے گی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں ایڈمٹ مریضوں کیلئے ڈائیٹ خوراک کی فراہمی کو دوبارہ شروع کی جائے تاکہ دور دراز سے آنے والے غریب مریضوں کو مفت کھانا فراہم کیا جاسکے۔ صوبائی سیکریٹری صحت کی جانب سے صحت کے شعبے کی بہتری اور ہسپتالوں کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے کئے جانے والے خصوصی اقدامات اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہاکہ صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے ایم آر آئی سنٹر، ڈینٹل بلاک اور ادویات کے سٹور کا بھی معائنہ کیا۔ نگران وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری صحت اور ایم ایس پی ایچ کیو ہسپتال کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں صفائی کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنایا جائے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں