بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید برف باری کے پیش نظر پاک فوج نے فوری طور پر امدادی اور ریسکیو آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
فوجی جوان اور ریسکیو ٹیمیں برف میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے، خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مصروف ہیں۔
شدید برف باری کے باعث ہوسری، زیارت، بولان، ژوب، قلعہ سیف اللہ، خوجک ٹاپ، لک پاس، دکی، کولپور اور مسلم باغ میں کنٹرول سنٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع کرم میں بھی سیکیورٹی فورسز کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
پاک فوج نے زمینی رابطوں کو بحال کرنے، سڑکوں سے برف ہٹانے اور اہم شاہراہیں کھولنے کے لیے بھاری مشینری اور افرادی قوت کا استعمال کیا، جس سے متاثرہ علاقوں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور طبی سہولیات تک رسائی ممکن ہو گئی۔
فوجی جوانوں نے پھنسے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا، اور مقامی آبادی کی مدد کے لیے ہنگامی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں۔


