گلگت۔
محکمہ سیاحت گلگت بلتستان نے سیاحوں کے لئے ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ رات سے گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، جن میں ہنزہ، نگر، غذر، استور اسکردو، شگر، گانچھے، کھرمنگ، اور دیامر شامل ہیں۔ مسلسل برف باری کے باعث بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بعض سڑکیں جزوی یا مکمل طور پر بند ہونے کا خدشہ ہے جبکہ موسم کی صورتحال میں مزید خرابی بھی متوقع ہے۔
محکمہ سیاحت گلگت بلتستان تمام سیاحوں کو درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتا ہے:
سفر سے قبل متعلقہ اضلاع کے موسمی حالات اور شاہراہوں کی صورتحال کے بارے میں مستند اور سرکاری ذرائع سے تصدیق کریں۔
غیر ضروری سفر، خاص طور پر بالائی علاقوں اور برف باری سے متاثرہ اضلاع کی جانب، عارضی طور پر مؤخر کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔
دورانِ سفر صرف موزوں گاڑیوں (4×4) کا استعمال کریں اور برفانی حالات کے لیے ضروری سامان جیسے سنوف چین، اضافی ایندھن، خوراک اور گرم کپڑے ہمراہ رکھیں۔
مقامی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور محکمہ سیاحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA) کی ایڈوائزری
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق شدید برف باری کے باعث مختلف اضلاع میں برفانی تودے (Avalanches) گرنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں پر شدید پھسلن کا خطرہ موجود ہے۔ اس حوالے سے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ:
برفانی تودوں کے خدشے والے علاقوں میں سفر سے مکمل اجتناب کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر قریبی انتظامیہ، ریسکیو اداروں یا ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔
صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ اطلاعات پر انحصار کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔
محکمہ سیاحت گلگت بلتستان سیاحوں سے گزارش کرتا ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ذمہ دارانہ اور محتاط طرزِ عمل اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔


