گلگت۔
*ریسکیو 1122 ہیڈکوارٹر گلگت میں ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 گلگت بلتستان جناب عظیم اللہ* کی زیرِ صدارت سال 2025 کے دوران گلگت بلتستان میں پیش آنے والی ہنگامی صورتحال سے متعلق سالانہ ایمرجنسی کارکردگی رپورٹ باضابطہ طور پر جاری کر دی گئی۔
*ریسکیو 1122 گلگت بلتستان نے سال 2025 کے دوران صوبہ بھر میں مجموعی طور پر 7,336 ہنگامی واقعات پر بروقت، مؤثر اور پیشہ ورانہ انداز میں ایمرجنسی رسپانس فراہم کیا۔* ان ہنگامی کارروائیوں میں طبی ایمرجنسیز، روڈ ٹریفک حادثات، آتشزدگی کے واقعات، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، برفانی تودوں کے حادثات، عوامی اجتماعات کی ڈیوٹیز اور دیگر ہنگامی حالات شامل ہیں۔
اضلاع کے لحاظ سے مجموعی ایمرجنسی ریسپانس
اعداد و شمار کے مطابق اضلاع میں ایمرجنسی ریسپانس کی تفصیل درج ذیل ہے:
سکردو: 2,141 گلگت: 1,841
دیامر: 611 استور: 542
گانچھے: 517 غذر: 494
ہنزہ: 390 شگر: 296
کھرمنگ: 279 نگر: 225
سال 2025 کے دوران سب سے زیادہ ہنگامی واقعات ضلع سکردو میں رپورٹ ہوئے، جبکہ ضلع گلگت دوسرے نمبر پر رہا۔ دیگر اضلاع دیامر، استور، ہنزہ، نگر، غذر، گانچھے، شگر، کھرمنگ میں بھی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے ہر قسم کی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت امداد فراہم کی۔
*روڈ ٹریفک حادثات (RTA) ریسکیو 1122 کا براہِ راست ریسپانس*
سال 2025 کے دوران ریسکیو 1122 گلگت بلتستان نے *صوبہ بھر میں پیش آنے والے 517 روڈ ٹریفک حادثات پر براہِ راست ایمرجنسی رسپانس فراہم کیا۔ ان حادثات میں 589 افراد زخمی ہوئے جبکہ 54 قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔* واضح رہے کہ یہ تمام اعداد و شمار صرف اُن حادثات پر مشتمل ہیں جن پر ریسکیو 1122 گلگت بلتستان نے عملی طور پر ریسپانس دیا۔
اضلاع کے لحاظ سے روڈ ٹریفک حادثات پر ریسپانس کی تفصیل کے مطابق *سکردو میں 191، گلگت میں 171، ہنزہ میں 33، دیامر میں 28، نگر میں 20، شگر میں 19، استور میں 18، گانچھے میں 13، غذر میں 12 اور کھرمنگ میں 12 حادثات پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے خدمات انجام دیں،* جن کے دوران زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کر کے محفوظ طریقے سے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
اس موقع پر *ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 جناب عظیم اللہ* نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، انتھک محنت اور جرات مندانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
*“ریسکیو 1122 گلگت بلتستان کے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ اور تیار ہے۔ ہمارا مقصد ہر ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر امداد کی فراہمی ہے۔ تاہم ٹریفک حادثات اور دیگر سانحات میں کمی کے لیے عوامی تعاون، احتیاطی تدابیر اور قوانین کی پاسداری نہایت ضروری ہے۔”*
انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو 1122 مستقبل میں جدید تربیت، جدید آلات اور عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے ایمرجنسی رسپانس سسٹم کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے گا۔
آخر میں عوام سے پرزور اپیل کی گئی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر *ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں اور ریسکیو اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں* تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔
*ہیڈکوارٹر ریسکیو 1122 گلگت سالانہ ایمرجنسی کارکردگی رپورٹ 2025*


