گلگت بلتستان نگران کابینہ کے وزراء اور مشیروں کو محکمے الاٹ کر دیے گئے ، جس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
گورنر گلگت – بلتستان کی منظوری کے بعد نگران وزیر اعلیٰ نے کابینہ کے اراکین اور مشیروں کو ان کے قلمدان سونپے، جبکہ چیف سیکرٹری گلگت – بلتستان ابرار احمد مرزا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ساجد علی بیگ کو داخلہ اور جیل خانہ جات، انجینئر الطاف حسین کو لوکل گورنمنٹ اور دیہی ترقی، غلام عباس کو اطلاعات، نشریات اور آئی ٹی، کرنل ریٹائرڈ ابرار اسماعیل کو خزانہ اور پی اینڈ ڈی، مہر داد کو خوراک، مولانا شرافت دین کو جنگلات، جنگلی حیات اور ماحولیات، مولانا سرور شاہ کو ایم آئی ایل سی، راجہ شہباز خان کو سیاحت، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور تعمیرات و مواصلات، ممتاز حسین کو برقیات اور پانی، ڈاکٹر نیاز علی کو صحت، سید عادل شاہ کو کھیل، ثقافت اور امورِ نوجوانان جبکہ ڈاکٹر بہادر علی کو تعلیم، قانون اور پراسیکیوشن کے محکمے تفویض کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ نگران مشیروں میں سیدہ فاطمہ کو سماجی بہبود، بہبودِ آبادی اور ترقیِ نسواں جبکہ عبدالحکیم کو زراعت، لائیو اسٹاک، فشریز اور واٹر مینجمنٹ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق میڈیا لینز کو موصول ہونے والے نوٹیفکیشن میں تمام تقرریوں پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔


