اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اور نگزیب نے دسمبر 2025ء میں تاریخ کی بلند ترین ٹیکس وصولی کا ریکارڈ بننے پر ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ٹیکس کلیکشن میں مزید اضافے کی ہدایت کر دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق محمد اورنگزیب نے اس کارکردگی کو حکومت کے مالیاتی اصلاحات کے ایجنڈے، بہتر ٹیکس تعمیل، مؤثر نفاذ اور ڈیجیٹل اصلاحات کی کامیابی کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔
وزیر خزانہ نے ایف بی آر فیلڈ فارمیشنز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 18 ماہ میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں دسمبر 2025 کی وصولیاں نہایت حوصلہ افزا ہیں، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن، کیش لیس لین دین کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کئے بغیر مضبوط نفاذِ قانون کی حکمت عملی نے عملی اور پائیدار نتائج دینا شروع کر دیئے ہیں۔


