:چلاس
چلاس کے متصل گاؤں تھور بڑوگاہ کے مقام پر رات گئے فائرنگ کا ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ایک گل خان نامی شخص کے رہائشی گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجےمیں ایک خاتون جاں بحق جبکہ دو بچیاں اور ایک مرد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر آر ایچ کیو ہسپتال چلاس منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد
کے بعد شدید زخمی رحمت شاہ کو تشویشناک حالت کے باعث ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔ زخمی شخص کے جسم
میں چار گولیاں لگنے کی تصدیق ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ ایک خاتون کو اغوا کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا
آغاز کر دیا ہے اور واقعے کی وجوہات جاننے کے ساتھ ساتھ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ادھر زخمی شخص نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات بارہ بجے کے قریب ان کے گھر پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی بہن جاں بحق ہوئی، وہ خود اور ان کی کمسن بیٹی زخمی ہوئیں جبکہ ایک بیٹی کو اغوا کر لیا گیا۔
زخمی شخص کا کہنا تھا کہ انہوں نے ملزمان کی نشاندہی کر دی ہے، اس کے باوجود تاحال ان کی بیٹی بازیاب نہیں ہو سکی۔
لواحقین اور زخمیوں نے نگران وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور اغوا کی گئی خاتون کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ متاثرہ خاندان نے خبردار کیا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔


