گلگت :
گلگت بلتستان کے قومی ادارے ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) اور سائنس و ٹیکنالوجی کی معروف ملکی درسگاہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے درمیان ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے،جس کے تحت نسٹ نیٹکو کے تمام شعبہ جات کو مرحلہ وار ڈیجیٹلائز کرے گا۔
معاہدے کے مطابق نیٹکو کے پمپس، بکنگ دفاتر اور کریم طرز کے جدید سافٹ ویئر سسٹم سمیت دیگر انتظامی و آپریشنل شعبہ جات کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا، تاکہ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں گلگت سے بذریعہ زوم لنک ایڈیشنل چیف سیکرٹری گلگت بلتستان مشتاق احمد، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ضمیر عباس اور منیجنگ ڈائریکٹر نیٹکو عثمان احمد نے شرکت کی، جبکہ نیٹکو کی سینئر مینجمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھی۔ نسٹ کی جانب سے وسیم احمد مرزا، پروجیکٹ ڈائریکٹر کمرشل، اپنی ٹیم کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر ایم ڈی نیٹکو عثمان احمد نے نیٹکو اور نسٹ کے مابین ہونے والے معاہدے کے بنیادی نکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیٹکو کے تمام شعبہ جات کو ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ادارے میں شفاف نظام متعارف ہوگا بلکہ مجموعی کارکردگی میں بھی واضح اور مثبت تبدیلی نظر آئے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری مشتاق احمد نے کہا کہ نیٹکو گلگت بلتستان کا ایک قومی اور اہم ادارہ ہے، اور ڈیجیٹلائزیشن کے بعد ادارے میں کام کی رفتار شفاف بنیادوں پر تیز ہوگی، جو عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگی۔


