پاکستان کی نامور کوہ پیما ثمینہ بیگ نے ایک اور تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے جنوبی قطب (لاسٹ ڈگری) تک کامیاب اسکی مہم مکمل کر لی، جس کے بعد وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں۔
یہ کارنامہ دنیا کے مشکل ترین ایڈونچر چیلنجز میں شمار ہونے والے ایکسپلوررز گرینڈ سلام کی تکمیل کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔
ثمینہ بیگ نے اس مہم کو اپنی زندگی کے مشکل ترین مگر بامقصد تجربات میں سے ایک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2013 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے، سیون سمٹس (دنیا کے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیاں) مکمل کرنے، کے ٹو اور نانگا پربت جیسی خطرناک چوٹیوں کو سر کرنے کے بعد اب ان کا سفر دنیا کی بلند ترین چوٹیوں سے لے کر زمین کے سب سے دور افتادہ قطبی علاقوں تک پہنچ چکا ہے۔


