سکردو میں بین الاقوامی یومِ خصوصی افراد شاندار انداز میں منایا گیا
محکمہ سماجی بہبود گلگت بلتستان، قراقرم ڈس ایبیلٹی فورم (KDF) اور آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) کے اشتراک سے بین الاقوامی یومِ خصوصی افراد شاندار انداز میں منایا گیا۔ اس موقع پر خطابات، آگاہی واک، پینل ڈسکشن اور خصوصی افراد کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کی گئی، جبکہ معروف نعت خواں عباس عبدالی نے پراثر نعت پیش کی۔ تقریب کا مقصد خصوصی افراد کے مساوی حقوق، رسائی، عزت اور معاشرتی شمولیت کے لیے آگاہی پیدا کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمشنر بلتستان ڈویژن کمال خان نے سرکاری اداروں میں خصوصی افراد کی مؤثر نمائندگی، ان کے لیے صحت و تعلیم کے منصوبوں اور صلاحیت بڑھانے والے اداروں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ نے خصوصی افراد سے متعلق نئے قواعد منظور کر لیے ہیں، جن کے تحت *Provincial Person with Disability Council* قائم کیا جائے گا، جو رہائشی اسکیموں، مفت قانونی و طبی امداد اور ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پروگرام عوامی سوچ بدلنے اور حکومت و معاشرے کو خصوصی افراد کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ترغیب دیتے ہیں، اور خصوصی افراد کو درپیش ٹرانسپورٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔
محکمہ سماجی بہبود گلگت بلتستان کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید مجاہد شاہ کے مطابق بلتستان ڈویژن میں 7,554 خصوصی افراد رجسٹرڈ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ NDRA رجسٹریشن کے لیے سرکاری ہسپتال سے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ لازمی ہے۔ سکردو اور گھانچے کے سرکاری اسپتالوں میں رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے، جبکہ کھرمنگ اور شگر میں اس سہولت کے قیام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سکردو میں خصوصی افراد کو با اختیار بنانے کے لیے *انڈی پینڈنٹ لیونگ سینٹر* قائم کیا گیا ہے، جہاں انہیں تعلیم، تربیت اور ہنر سیکھایا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ سکردو کی جانب سے خصوصی افراد کے کمپلیکس کے لیے اراضی کی فراہمی بھی قابلِ تحسین ہے۔
ڈپٹی کمشنر سکردو حمزہ مراد نے KDF، رضاکاروں اور کمیونٹی اداروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہمیشہ خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی سطح پر روزگار کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی خصوصی افراد کے لیے مزید شمولیتی مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
پینل ڈسکشن میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر خواتین پر تشدد، غلط معلومات، سائبر بُلِنگ اور نئی ٹیکنالوجیز جیسے AI سے جڑے خطرات پر روشنی ڈالی گئی۔ پینلسٹ نے مؤثر سائبر سیکیورٹی، شکایات کے رپورٹنگ میکنزم اور دفاتر میں ہراسگی سے متعلق پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور خصوصی افراد کی حساسیت کے حوالے سے حکام سے مطالبہ کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں ان کی ضروریات کو اولین ترجیح دی جائے۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء اور نمایاں خدمات انجام دینے والوں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں، اور *انڈی پینڈنٹ لیونگ سینٹر* میں خصوصی افراد کی تیار کردہ فن پاروں اور دستکاری کی نمائش بھی کی گئی، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
شرکاء میں کمشنر بلتستان ڈویژن، ڈپٹی کمشنر سکردو، RPM AKRSP، ڈپٹی ڈائریکٹر سماجی بہبود، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سماجی بہبود، SCO، GBRSP، BCDF کے نمائندگان، پرنسپل اسپیشل ایجوکیشن کمپلیکس، KDF ممبران، میڈیا نمائندگان اور متعدد رضاکار شامل تھے


