:گلگت
محکمہ سیاحت و ثقافت گلگت بلتستان کی جانب سے 11 دسمبر 2025، انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈائریکٹر سیاحت و ثقافت اقبال حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں عالمی تھیم Glaciers Matter for Water, Food and Livelihoods in Mountains and Beyond کو مرکز بناتے ہوئے گلیشیئرز کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور ماحولیاتی آگاہی کو موثر انداز میں اجاگر کرنے سے متعلق جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پہاڑوں کا عالمی دن قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے مین کیمپس میں منایا جائے گا تاکہ طلبہ و طالبات سمیت نوجوانوں کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جاسکے۔اجلاس میں بام دنیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2025 کے انتظامات، گلیشیئرز کی اہمیت اور ماحولیاتی موضوعات پر مبنی فلموں، مکالموں اور سرگرمیوں کے انعقاد کو قابل عمل بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں پیش کی گئی 18 فلموں کی جانچ کے لیے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان، پروفیسر شمس الرحمٰن اور WWF پاکستان کے کمیونیکیشن منیجر نثار احمد شامل ہیں۔ کمیٹی منتخب شدہ فلموں کو جیوری کے لیے پیش کرے گی۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نوجوان فلم میکرز، مقامی کمیونٹی اور ماہرین ماحولیات کی شرکت سے گلیشیئرز کے تحفظ اور ماحول دوست طرز فکر کو بھرپور انداز میں فروغ دیا جاسکتا ہے۔ آئندہ سرگرمیوں میں اینیمیٹڈ فلمز، پینل ڈسکشنز، نمائشیں اور ماحولیاتی سیشنز شامل ہوں گے، جن کے ذریعے عوامی سطح پر موثر آگاہی پیدا کی جائے گی۔ تقریب کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے 4 دسمبر کو آخری اجلاس طلب کیا گیا ہے۔اجلاس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کی جانب سے پروفیسر شمس الرحمٰن، ڈائریکٹر ٹوریزم صفی اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان،WWF پاکستان کے نثار احمد، ، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورزم گلگت کاشف علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹوریزم عابد حسین، ہلال احمر پاکستان (GB) کے نمائندہ جنید عباس، سرینا ہوٹلز گلگت اور رامادہ گلگت کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انٹرنیشنل ماؤنٹین ڈے کو بھرپور اور منظم انداز میں منایا جائے گا تاکہ گلیشیئرز کی اہمیت اور پہاڑی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کا پیغام وسیع پیمانے پر پھیلایا جاسکے۔


