ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی ایک اہم آپریشن کے دوران 10 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی مصدقہ اطلاع ملنے پر کی گئی جس میں فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرکے انتہائی منظم اندازمیں آپریشن شروع کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام 10 دہشت گرد افغانستان سے آئے تھے اور حالیہ عرصے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں، بھتہ خوری اور سیکیورٹی اہلکاروں پرحملوں میں ملوث تھے۔
فورسز کو آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم بھرپورجوابی کارروائی کے نتیجے میں تمام دہشت گرد مارے گئے۔
علاقے میں اب بھی کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے، سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مستقبل میں بھی اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گی۔
یہ آپریشن حالیہ مہینوں میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف ہونے والی بڑی کارروائیوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔


