spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
24 August, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

کیا اب بیچلرز ڈگری 4 کے بجائے صرف 3 سال میں مکمل ہوگی؟

امریکا میں روایتی 4 سالہ بیچلرز ڈگری کے بجائے 3 سال میں گریجویشن مکمل کرنے والے پروگرامز تیزی سے مقبول ہو رہے ہیں تاہم ماہرین نے تعلیمی معیار، ملازمتوں اور اعلیٰ تعلیم میں داخلے سے متعلق خدشات بھی ظاہر کیے ہیں۔

تحقیقی ادارے RAND کے مطابق امریکا کی کم از کم 26 ریاستوں میں ایسے کالجز موجود ہیں جہاں کم کریڈٹ آورز کے ساتھ تین سالہ بیچلرز پروگرامز پیش کیے جا رہے ہیں، جبکہ مئی تک ایسے 119 پروگرامز کا اعلان ہو چکا تھا۔

ان پروگرامز کا بنیادی مقصد طلبہ کو روایتی چار سال کے بجائے تقریباً تین سال میں ڈگری مکمل کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ بعض پروگرامز میں ڈگری مکمل کرنے کے لیے 90 کریڈٹ آورز تک کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ روایتی چار سالہ بیچلرز ڈگری عموماً 120 کریڈٹ آورز پر مشتمل ہوتی ہے۔

3 سالہ ڈگری کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام بڑھتی ہوئی تعلیمی فیس کے باعث طلبہ کو نمایاں مالی فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ ایک سال کم تعلیم حاصل کرنے سے نہ صرف فیس اور دیگر اخراجات میں کمی آ سکتی ہے بلکہ طلبہ ایک سال پہلے عملی زندگی اور روزگار کا آغاز بھی کر سکتے ہیں۔

اسی وجہ سے یہ پروگرام بالخصوص ایسے افراد میں مقبول ہو رہے ہیں جو ملازمت، خاندان یا دیگر ذمہ داریوں کے باعث چار سال تک تعلیم کے لیے عملی زندگی سے دور نہیں رہ سکتے۔

ماہرین کے مطابق بزنس، مارکیٹنگ، مینجمنٹ اور کمپیوٹر سائنس جیسے شعبوں کے نصاب کو کم کریڈٹ آورز میں سمیٹنا نسبتاً آسان ہے کیونکہ ان پروگرامز میں اختیاری مضامین کم کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے برعکس انجینئرنگ اور تدریس جیسے شعبوں میں تین سالہ پروگرامز متعارف کرانا زیادہ مشکل ہے کیونکہ ان میں عملی تربیت، مخصوص مضامین اور ریاستی لائسنسنگ کی شرائط بھی شامل ہوتی ہیں۔

3 سالہ ڈگری پروگرامز کے ناقدین کا کہنا ہے کہ کم کریڈٹ آورز کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی تربیت اور مختلف شعبوں سے متعلق ان کی مجموعی معلومات محدود ہو سکتی ہیں۔

امریکن ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی پروفیسرز نے بھی ان پروگرامز پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس سے کالج کی ڈگری کی قدر متاثر ہو سکتی ہے۔ بعض ماہرین کو خدشہ ہے کہ آجروں کو تین سالہ ڈگری کی نوعیت سمجھنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں جبکہ گریجویٹ اسکول میں داخلے کے لیے بعض طلبہ کو اضافی کورسز کرنا پڑ سکتے ہیں۔

3 سالہ بیچلرز ڈگری امریکا کے لیے نسبتاً نیا رجحان ہے تاہم برطانیہ، بھارت، فرانس اور اٹلی سمیت کئی ممالک میں تین سالہ انڈرگریجویٹ ڈگریاں پہلے ہی عام ہیں۔

امریکا میں اس رجحان کو 2023 میں اس وقت مزید تقویت ملی جب ایکریڈیٹنگ اداروں نے کم کریڈٹ آورز والے پروگرامز کی منظوری دینا شروع کی۔ اس کے بعد متعدد کالجز نے تین سالہ ڈگری پروگرامز متعارف کرائے۔

ماہرین کے مطابق 3 سالہ بیچلرز پروگرام طلبہ کو کم وقت اور ممکنہ طور پر کم اخراجات میں ڈگری مکمل کرنے کا موقع ضرور فراہم کرتے ہیں تاہم ان پروگرامز کی طویل مدتی قبولیت، ملازمتوں میں قدر اور گریجویٹ تعلیم پر اثرات ابھی واضح ہونا باقی ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں