spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
20 August, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

پاکستانی طلبہ کے لیے گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن کا اعلان

 گوگل نے پاکستان کے طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت کے ٹول گوگل جیمنائی کی ایک سالہ مفت سبسکرپشن فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ کے مطابق اس اقدام کا باضابطہ اعلان رواں ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کیا۔ گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے پاکستان میں کمپنی کی سرگرمیوں اور مستقبل کے امکانات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا پاکستان کو 30 ارب ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کا مرکز بنانے کا ہدف گوگل کے مقاصد سے ہم آہنگ ہے۔

ولسن وائٹ کے مطابق گزشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان کے مقامی کاروباروں اور گھرانوں کے لیے 3.9 ٹریلین روپے سے زائد کی معاشی سرگرمی میں کردار ادا کیا جبکہ اس کے نتیجے میں 9 لاکھ 60 ہزار سے زیادہ ملازمتوں کو سہارا ملا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی سرگرمیوں کا یہ صرف آغاز ہے اور کمپنی مستقبل میں ملک کے ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل شعبے میں مزید کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ اور ان کی ٹیم کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنی نوجوانوں اور ملک کے ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

وزیر اعظم نے پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون پاکستانی نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں