ہالی ووڈ کی مقبول ایکشن اور ایڈونچر فرنچائز ’’جمانجی‘‘ ایک بار پھر شائقین کو سنسنی خیز سفر پر لے جانے کے لیے تیار ہے۔ سونی پکچرز نے سیریز کی نئی فلم ’’جمانجی: اوپن ورلڈ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا ہے، جس میں پرانی اور پسندیدہ کاسٹ ایک بار پھر اپنے مشہور کرداروں کے ساتھ ایکشن میں نظر آ رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریلر میں ڈوین جانسن (دی راک)، کیون ہارٹ، جیک بلیک اور کیرین گلن کی واپسی دکھائی گئی ہے۔ چاروں اداکار ایک مرتبہ پھر پراسرار اور خطرات سے بھرپور جمانجی کی دنیا میں داخل ہوتے ہیں، جہاں انہیں نئے چیلنجز، طاقتور دشمنوں اور حیران کن مہمات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ فلم 2017 میں ریلیز ہونے والی ’’جمانجی: ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ اور 2019 کی ’’جمانجی: دی نیکسٹ لیول‘‘ کا تسلسل ہے۔ ان دونوں فلموں نے باکس آفس پر غیر معمولی کامیابی حاصل کی تھی اور عالمی سطح پر مجموعی طور پر 1.7 ارب ڈالر سے زائد کا بزنس کیا، جس کے بعد فرنچائز کو ہالی ووڈ کی کامیاب ترین سیریز میں شمار کیا جانے لگا۔
جمانجی کی کہانی دراصل 1995 کی کلاسک فلم سے جڑی ہوئی ہے، جس میں لیجنڈری اداکار رابن ولیمز اور کم عمر اداکارہ کرسٹن ڈنسٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ بعد میں اس تصور کو جدید انداز دیتے ہوئے روایتی جمانجی بورڈ گیم کو ایک ویڈیو گیم کی شکل دی گئی، جہاں حقیقی دنیا کے نوجوان گیم کے اندر مختلف کرداروں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔
’’جمانجی: اوپن ورلڈ‘‘ میں بھی یہی منفرد تصور مزید بڑے پیمانے پر پیش کیا گیا ہے۔ ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار گیم کی دنیا پہلے سے کہیں زیادہ وسیع، خطرناک اور غیر متوقع ہوگی، جہاں کرداروں کو اپنی بقا کے لیے نئی آزمائشوں سے گزرنا پڑے گا۔
فلم کی ریلیز پہلے 11 دسمبر 2026 مقرر کی گئی تھی، تاہم اسٹوڈیو نے بعد میں اس کی نمائش مؤخر کرتے ہوئے اسے کرسمس 2026 کے موقع پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ تعطیلات کے دوران زیادہ سے زیادہ شائقین سنیما گھروں کا رخ کر سکیں۔ ٹریلر کے اجرا کے بعد سوشل میڈیا پر فلم سے متعلق جوش و خروش میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور مداح اسے سال کی بڑی ہالی ووڈ ریلیزز میں سے ایک قرار دے رہے ہیں۔


