بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ 2 خاتون خودکش حملہ آور گرفتار کرلی گئیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں، جن کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ضلع سوراب اور ضلع مستونگ میں متعدد انٹیلی جنس بیسڈ ایریا سینیٹائزیشن اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، ضلع سوراب میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق جہاں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ اسی طرح ضلع مستونگ میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جبکہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والی 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ان کے ایک سہولت کار کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) بھی برآمد کیا گیا، بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں قومی امن کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع سوراب اور مستونگ میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پزیرائی کی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن کے دوران 10 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور دو خودکش بمبار خواتین سمیت ان کے سہولت کار کو گرفتار کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے وطنِ عزیز کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ اور سوراب میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے 10 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے افسران اور جوان ہمارے سر کا تاج اور اصل ہیرو ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کا صفایا کرنے والے جری سپوتوں پر قوم کو ناز ہے۔


