وفاقی حکومت نیکراچی میں فاسٹ ٹریک پروجیکٹس اینڈ لاجسٹکس کو پانچ سال کیلئے کسٹمز پورٹ قرار دے دیا ہے۔
اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کسٹمز ایکٹ 1969 کی دفعہ 9 کی شق (الف) اور دفعہ 10 کی شقوں (الف) اور (ب) کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے، 13 نومبر 2020 کے ایس آر او نمبر 1216(I)/2020 کو منسوخ کرتے ہوئے کراچی میں واقع میسرز فاسٹ ٹریک پروجیکٹس اینڈ لاجسٹکس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو کسٹمز پورٹ قرار دے دیا ہے۔
یہ کسٹمز پورٹ دس ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے، جو نارتھ ویسٹرن انڈسٹریل زون (این ڈبلیو آئی زیڈ)، آف پورٹ قاسم مین روڈ، کراچی میں واقع مختلف پلاٹس پر مشتمل ہے۔
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ کسٹمز پورٹ درآمدی اور برآمدی اشیا یا اشیا کی کسی بھی مخصوص قسم کی کسٹمز کلیئرنس کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کسٹمز پورٹ کی حدود بھی متعین کر دی گئی ہیں جن میں شمال، مغرب، مشرق اور جنوب کی جانب واقع سڑکیں اور متعلقہ پلاٹس شامل ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اعلامیہ اپنے اجرا کی تاریخ سے پانچ سال کی مدت تک موٴثر رہے گا۔


