spot_imgspot_imgspot_imgspot_img
21 July, 2026

کالم / تجزیہ

spot_img

مقبول خبریں

spot_img

کرکٹر پر ہراسانی کے الزامات کے بعد ماڈل ہما سلیم کا انسٹاگرام اکاؤنٹ اچانک غائب

پاکستانی ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہما سلیم کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک قومی کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں اور ذہنی تشدد کے الزامات عائد کرنے کے محض ایک دن بعد اچانک غائب ہو گیا، جس کے باعث سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگی ہیں۔

ہما سلیم کی پروفائل کھولنے کی کوشش کرنے والے صارفین کو ’معذرت، یہ صفحہ دستیاب نہیں ہے‘ کا پیغام دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ان کا اکاؤنٹ انسٹاگرام نے معطل کیا ہے یا انہوں نے خود اسے حذف یا عارضی طور پر غیر فعال کیا ہے۔

یاد رہے کہ ہما سلیم نے چند روز قبل اپنی انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے ایک بیان جاری کرتے ہوئے ایک نامعلوم قومی کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیاں اور ذہنی و جذباتی تشدد جیسے سنگین الزامات لگائے تھے۔ اگرچہ انہوں نے کسی کھلاڑی کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم دعویٰ کیا کہ مذکورہ کرکٹر دو ماہ سے رابطہ منقطع ہونے کے باوجود انہیں مسلسل ہراساں کرتا رہا اور حالیہ دنوں میں مبینہ طور پر دھمکیوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔

ماڈل نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ طویل عرصے تک ایک مبینہ تشدد پر مبنی تعلق کا حصہ رہیں، مگر خاموش رہنے کے باوجود صورتحال بہتر نہ ہوئی، جس کے بعد انہوں نے عوام کے سامنے آنے کا فیصلہ کیا۔

ہما سلیم نے مزید الزام عائد کیا تھا کہ متعلقہ کرکٹر نے ان کی پیشہ ورانہ ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ، دوستوں، ساتھیوں اور کام سے وابستہ افراد سے بھی رابطے کیے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) کے فنڈز کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق بعض حقائق بھی منظرِ عام پر لائیں گی۔

انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا تھا کہ وہ قانونی کارروائی کی تیاری کر رہی ہیں اور اپنے تمام دعوؤں سے متعلق شواہد اپنی قانونی ٹیم کے حوالے کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر معاملے کا دوسرا رخ بھی ہوتا ہے اور ان کے بقول انہیں بدنام کیا گیا، دھوکا دیا گیا اور ان کے تعلق کے بارے میں غلط بیانی کی گئی۔

اب تک ہما سلیم کی جانب سے جس قومی کرکٹر پر الزامات عائد کیے گئے ہیں، اس کی شناخت سامنے نہیں آئی۔ دوسری جانب نہ کسی کرکٹر کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل جاری کیا گیا ہے اور نہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف اختیار کیا ہے۔

واضح رہے کہ ہما سلیم پاکستان کی فیشن انڈسٹری میں ماڈلنگ، لائف اسٹائل کانٹینٹ اور مختلف معروف برانڈز کے ساتھ اشتراک کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تبصروں کیلئے ہمارا وٹس ایپ چینل جوائن کریں