شہر قائد میں ہیوی ٹریفک کے خونی حادثات کا سلسلہ جاری ہے، ایک اور نوجوان واٹرٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے صنعتی علاقے سائٹ ایریا میں واقع حبیب چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کیوجہ سے خونی حادثہ پیش آیا۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں موٹرسائیکل سوار ٹینکر کی زد میں آکر کچل کر جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 20 سالہ توصیف کے نام سے ہوئی جس کے اہل خانہ کو حادثے سے متعلق اطلاع دے دی ہے۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں رواں سال کی یکم جولائی تک ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 480 شہری جاں بحق جبکہ 5 ہزار 747 زخمی ہوئے تھے۔
ریسکیو حکام کی جانب سے یکم جولائی کو جاری جاری اعداد شمار میں بتایا گیا تھا کہ رواں سال میں ٹریفک حادثات میں مجموعی طور پر 369 مرد ، 55 خواتین ، 43 بچے اور 13 بچیاں جاں بحق ہوئیں جبکہ 4 ہزار 358 مرد ، ایک ہزار کے قریب خواتین ، 290 بچے اور 98 بچیاں زخمی ہوئیں۔
ترجمان چھیپا فاؤنڈیشن کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ یکم جنوری 2026 سے یکم جولائی 2026 تک ہیوی گاڑیوں سے پیش آنے والے جان لیوا خونی حادثات میں مجموعی طور پر 154 افراد جاں بحق ہوئے، سب سے زیادہ 73 ٹریفک حادثات ٹریلر کی ٹکر سے پیش آئے، واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 41 افراد ابدی نیند سو گئے۔
اس کے علاوہ بس کی ٹکر سے 17 افراد ، مزدا کی ٹکر سے 15 افراد جبکہ ڈمپر کی ٹکر سے 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
دوسری جانب کراچی ٹریفک پولیس اور سندھ حکومت کی جانب سے متعدد بار دعوے کیے جاچکے ہیں کہ شہر میں آن لائن چالان کا سسٹم شروع ہونے اور کیمرے لگنے کے بعد ٹریفک حادثات میں کمی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔


