اسلام آباد میں 22 جولائی سے شیڈول سینٹرل ایشین والی بال چیمپپئن شپ میں شرکت کے لیے بھارتی ٹیم کی شرکت پرتاحال سوالیہ نشان برقرار رہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کی طرف سے تاحال ایونٹ میں شرکت کی ابھی تک تصدیق نہیں کی گئی ہے، بھارتی والی بال ٹیم کو ابھی تک پاکستان کے سفر کے لیے حکومتی این او سی نہیں مل سکا۔
یاد رہے کہ پاکستان والی بال فیڈریشن نے حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی ٹیم کے لیے جاری کردہ این او سی گزشتہ ہفتے بھارتی والی بال فیڈریشن کو بھجوا دیا گیا تھا۔
رولز کے مطابق دو دن میں کنفرمیشن نہ کرنے کی صورت میں بھارتی ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دیا جائے گا، پاکستان والی بال فیڈریشن حکام دو سے تین روز میں اَپ ڈیٹ شیڈول جاری کرنے کے لیے تیار ہیں۔ منتظمین کو ترکمانستان، سری لنکا، قازقستان، بنگلا دیش اور نیپال کی ٹیمیں کی کنفرمیشن موصول ہو چکی ہے۔
چیمپیئن شپ میں شرکت کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی اسلام آباد آمد 20 جولائی سے شروع ہوگی۔ چیمپیئن شپ 22 سے 29 جولائی تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ فیڈریشن حکام نے چیمپیئن شپ کے انتطامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔


