فیفا ورلڈ کپ 2026 میں میکسیکو اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا گیا راؤنڈ آف 16 کا سنسنی خیز مقابلہ امریکا کی ٹی وی تاریخ کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا فٹبال میچ بن گیا۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اس میچ کو امریکا میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 48 لاکھ افراد نے دیکھا، جس کے ساتھ اس نے امریکا اور بیلجیم کے میچ کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، جسے تقریباً 4 کروڑ 20 لاکھ ناظرین نے دیکھا تھا۔
رپورٹ کے مطابق میچ کو ٹیلیمونڈو پر 2 کروڑ 32 لاکھ جبکہ فاکس پر 2 کروڑ 17 لاکھ 42 ہزار افراد نے دیکھا۔
فاکس پر نشر ہونے والا یہ مقابلہ امریکی ٹیم کے بغیر انگلش زبان میں دکھایا جانے والا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ورلڈ کپ میچ بھی قرار پایا، جبکہ میچ کے آخری لمحات میں فاکس کی ویورشپ بڑھ کر 2 کروڑ 57 لاکھ تک پہنچ گئی۔
میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ہائی وولٹیج مقابلے میں انگلینڈ نے 10 کھلاڑیوں کے ساتھ برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور نیلسن کی حتمی ریٹنگز جاری ہونے کے بعد ویورشپ میں مزید اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔


