واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ایک جدید حفاظتی فیچر متعارف کرایا ہے جو نامعلوم نمبرز سے آنے والے پیغامات کی حقیقت چیٹ کھولنے سے پہلے ہی آشکار کر دے گا۔
میٹا کی زیرملکیت یہ میسجنگ ایپ اب کسی بھی انجان نمبر سے چیٹ شروع ہونے سے قبل ہی صارف کو ایک اہم انتباہ جاری کرے گی۔
اس فیچر کا بنیادی مقصد صارفین کو ممکنہ فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار کرنا ہے، تاکہ وہ کسی بھی غیر متوقع رابطے پر فوری ردعمل دینے کے بجائے پہلے سوچ بچار کر سکیں۔
واٹس ایپ کی جانب سے یہ اپ ڈیٹ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پلیٹ فارمز کے لیے جاری کی جا رہی ہے۔ کمپنی کے حکام نے واضح کیا کہ یہ فیچر صارف کو بتائے گا کہ متعلقہ نمبر کہاں رجسٹرڈ ہے، کیا اسے کانٹیکٹ لسٹ میں محفوظ کرنا مناسب ہے اور کیا دونوں افراد کسی مشترکہ گروپ میں شامل ہیں۔
اس سیکیورٹی سسٹم کے ذریعے چیٹ کھولنے سے پہلے ملنے والی معلومات سے صارف خود فیصلہ کر سکے گا کہ آیا اسے جواب دینا ہے یا نہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس تمام عمل کے دوران میسج بھیجنے والے کو کسی قسم کی اطلاع نہیں ملے گی، جس سے صارف کی پرائیویسی مکمل طور پر برقرار رہے گی۔
واضح رہے کہ اسکیمرز اکثر خود کو قریبی واقف کار ظاہر کر کے نیا نمبر ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ صارفین کو دھوکا دیتے ہیں۔
اب یہ نیا سیکیورٹی فیچر خاص طور پر دوسرے ممالک میں رجسٹرڈ نمبرز کی نشاندہی کرے گا، جس سے بین الاقوامی سطح پر ہونے والے فراڈ کے واقعات میں نمایاں کمی متوقع ہے۔


