گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں 33 میں سے 30 نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر نذیر احمد ایڈووکیٹ نے کی، جنہوں نے نومنتخب نمائندوں سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے اراکین میں پاکستان پیپلز پارٹی کے 13، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 9، استحکام پاکستان پارٹی کے 6، مجلس وحدت مسلمین کا ایک اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ ایک آزاد رکن شامل ہیں۔
اسکردو ضلع کے دو حلقوں کے نتائج کا سرکاری نوٹیفکیشن عدالت کے حکم پر روک دیے جانے کے باعث تین منتخب اراکین حلف برداری میں شریک نہ ہو سکے۔
حلف برداری کے بعد اجلاس آج صبح 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ دوبارہ شروع ہونے والے اجلاس میں اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے عہدوں کے لیے انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
سیاسی حلقوں کی نظریں اب آئندہ اجلاس پر مرکوز ہیں، جہاں نئی اسمبلی کی قیادت اور حکومت کی تشکیل کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔


