آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ویمنز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹی 20 سہ فریقی سیریز میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی۔
کیسل ایونیو میں کھیلے گئے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 177 رنز کا ہدف 19.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
آئرلینڈ کی فتح میں ربیکا اسٹوکیل نے ناقابل شکست 60 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے 42 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ اوپنر ایمی ہنٹر نے 44 گیندوں پر 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی جبکہ کپتان اورلا پرینڈرگاسٹ نے 17 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔
177 رنز کے تعاقب میں آئرلینڈ کو ابتدائی نقصان اٹھانا پڑا تاہم ہنٹر اور اسٹوکیل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اہم شراکت قائم کی۔ بعد ازاں اسٹوکیل نے آخری اوورز میں تیز رفتاری سے رنز بناتے ہوئے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا جبکہ پرینڈرگاسٹ نے جارحانہ انداز میں میچ کا اختتام کیا۔
پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر سب سے کامیاب بولر رہیں جنہوں نے 3 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رامین شمیم نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔
اوپنر منیبہ علی نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 65 رنز اسکور کیے اور اپنی چھٹی ٹی 20 انٹرنیشنل نصف سینچری مکمل کی۔
گل فیروزہ اور منیبہ علی نے اپنی ٹیم کو 44 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ گل فیروزہ نے 15 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔ بعد ازاں منیبہ علی اور سائرہ جبین نے تیسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
سائرہ جبین نے 33 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ کپتان فاطمہ ثنا نے آخر میں 14 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
آئرلینڈ کی جانب سے ایوا کیننگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الانا ڈیلزل، آرلین کیلی اور اورلا پرینڈرگاسٹ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
مختصر اسکور:
پاکستان ویمنز: 176-6 (20 اوورز)
منیبہ علی 65، سائرہ جبین 36، گل فیروزہ 32
آئرلینڈ ویمنز: 177-3 (19.1 اوورز)
ربیکا اسٹوکیل 60 ناٹ آؤٹ، ایمی ہنٹر 56 اورلا پرینڈرگاسٹ 33 ناٹ آؤٹ۔
یاد رہے کہ ہفتے کو کھیلے گئے سیریز کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز کو ویسٹ انڈیز سے 25 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
سیریز کا پہلا میچ جمعرات 22 مئی 2025 کو کھیلا گیا تھا جس میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے میزبان آئرلینڈ ویمنز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس طرح ویسٹ انڈیز نے اب تک 2 میچ جیتے ہیں، آئر لینڈ نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ پاکستان ٹیم اپنے دونوں میچ ہار چکی ہے


